نینی تال ، 20؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) پہاڑی ریاست اتراکھنڈ میں گزشتہ 2؍روز سےجاری موسلا دھار بارش نے معمولات زندگی درہم برہم کر دئیے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے متعدد علاقوں میں مزید بارش کا انتباہ جاری کیا گیا ہے اور انتظامیہ کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ ساتھ ہی چار دھام یاترا پر روک لگا دی گئی ہے اور احتیاطاً اسکول اور کالجوں کو بھی بند رکھنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ ناگفتہ بہ حالات کے دوران کئی مقامات پر سیاحوں اور عقیدت مندوں کے پھنس جانے کی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں۔ ایس ڈی آر ایف اور اتراکھنڈ پولیس نے جانکی چٹی سے یاتریوں کو دیر رات محفوظ طریقہ سے گوری کنڈ پہنچایا۔ اتوار کی دیر رات سے جاری لگاتار بارش کی وجہ سے پورے اتراکھنڈ میں بھاری تباہی مچی ہوئی ہے اور اس کی وجہ سے ۳۴؍ افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ ادھر تمام مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے ایس ڈی آر ایف نے اب تک 42؍ افراد کو بچایا ہے جن میں 22؍ عقیدت مند بھی شامل ہیں۔ ادھر اتراکھنڈ کے مشہور سیاحتی مقام نینی تال میں وہ نظارہ ہے جو لوگوں نے آج تک نہیں دیکھا تھا۔ یہاں ۲۴؍گھنٹے سے جاری موسلا بارش کے بعد نینی جھیل کا پانی لبریز ہو گیا اور پورے مال روڈکو غرقاب کرگیا۔ اطلاعات ہیں کہ نینی تال میں حالات کو سنبھالنے کے لئے خصوصی وار روم بنایا گیا ہے۔ یہاں بجلی لگاتار گل ہونے کی وجہ سے بھی کافی دقتیں آرہی ہیں۔ ادھر، نینی تال کے رام گڑھ میں بادل پھٹنے کی بھی خبر ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گاؤں توکنا میں بادل پھٹا ہے اور ۹؍ افراد ملبہ میں دب گئے ہیں۔ پولیس اور انتظامیہ کی ٹیم موقع کے لئے روانہ ہو گئی ہے۔
دوسری طرف بھاری بارش کی وجہ سے نینی تال، رانی کھیت، الموڑا سے ہلدوانی اور کاٹھ گودام تک کی تمام قومی شاہراہیں بند ہو گئی ہیں۔ رشی کیش میں مسافر گاڑیوں کو چندربھاگ پل، تپوون، لکشمن جھولا اور منی کی ریتی بھدرکالی بیریر پار نہیں کرنے دیا جا رہا۔ اس بارش کے قہر سے سب سے زیادہ نقصان نینی تال ضلع میں ہوا ہے۔ اس ضلع میں 25؍افراد کی بارش کے سبب ہونے والے حادثات میں موت ہو گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ پرکاش جوشی نے بتایا کہ دوشاپانی میں مکان منہدم ہونے سے پانچ ، تھاراڈی میں سات ، بھیم تال میں ایک ، چوپڑا گاؤں میں ایک ، بوہراکوٹ میں دو افراد کی ملبے میں دبنے کی وجہ سے موت ہوئی ہے ۔ پہاڑی ریاست میں گزشتہ تین دنوں سے ہورہی موسلا دھار بارش کے جاری رہنے اور محکمہ موسم کے اس سلسلہ میں ریڈ الرٹ کے مدنظر نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس نے راحت اور بچائو مہم کے لئے ریاست میں جدید ساز وسامان سے لیس15؍ٹیموں کو تعینات کیا ہے ۔این ڈی آر ایف کے ترجمان نے بتایا کہ ۶؍ ٹیموں کو ادھم سنگھ نگر ضلع، اترکاشی اور چمولی میں دو دو اور دہرہ دون پتھورا گڑھ اور ہردوار میں ایک ایک ٹیم تعینات کی گئی ہے۔
حالات کا جائزہ لینے کیلئے ریاست کے وزیر اعلیٰ نے ہیلی کاپٹر نے دورہ کیا اور اس کے بعد مزید ہدایتیں جاری کیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں بچائومہم پرزو ر طریقہ سے جاری ہے اور اب تک ادھم سنگھ نگر اور دیگر متاثرہ علاقوں سے300؍سے بھی زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف کی ایک ٹیم کو اترکاشی میں تیار رکھا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ریاست کے کماوں سرکل کے نینی تال اور الموڑا ڈویژن میں گزشتہ تین دنوں سے موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ اس تعلق سے کئی ویڈیو بھی منظر عام پر آرہے ہیں جنہیں دیکھ کر تباہی کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ اس تباہی سے نمٹنے کے لئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ فورس اور پولیس کے ساتھ ساتھ فضائیہ کے اہلکاروں نے بھی ہاتھ بڑھایا ہے ۔